اسلام آباد (مشرق نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سٹیل سیکٹر کیلئے بجلی کے فی یونٹ استعمال پر سیلز ٹیکس کا نیا طریقہ کار نافذ کر دیا ہے۔نئے طریقہ کار کے مطابق مقامی سکریپ استعمال کرنے والے سٹیل میلٹرز 30 روپے فی بجلی یونٹ سیلز ٹیکس ادا کریں گے۔ 70 فیصد سے زائد درآمدی سکریپ استعمال کرنے والے یونٹس کیلئے سیلز ٹیکس 5 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ای ایف ایس لائسنس یافتہ سپلائرز سے 70 فیصد سے زائد سکریپ لینے والے یونٹس پر بھی 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس ہوگا۔ علاوہ ازیں کیپٹو پاور یا خود بجلی پیدا کرنے والے سٹیل یونٹس 35 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس ادا کریں گے۔ ایف بی آر کے رئیل ٹائم سسٹم سے منسلک اہل یونٹس کیلئے سیلز ٹیکس 5 روپے فی یونٹ مقرر ہے جبکہ بجلی کے استعمال کی بنیاد پر ادا کیا گیا سیلز ٹیکس آوٹ پٹ ٹیکس کے خلاف ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔
ماہانہ 5 لاکھ یا زائد بجلی یونٹس استعمال کرنے والے مینوفیکچررز کو سٹیل میلٹر یا کمپوزٹ یونٹ قرار دیا جائیگا۔ مقررہ تاریخ تک سیلز ٹیکس ادا نہ کرنے پر متعلقہ یونٹ کا بجلی کنکشن منقطع کیا جا سکے گا۔ اس سلسلے میں تمام ڈسکوز کو یکم جولائی 2026 سے نئی شرحوں پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سٹیل میلٹرز اور کمپوزٹ یونٹس کی فہرست ہر 3 ماہ بعد اپ ڈیٹ کی جائے گی۔ اہل اسٹیل مینوفیکچررز کی فہرست سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے ذریعے جاری کی جائے گی۔
سٹیل سیکٹر کیلئے بجلی کے یونٹ پر سیلز ٹیکس کا نیا طریقہ کار نافذ

















