تہران،واشنگٹن،عمان،کویت سٹی:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امریکی حملے،3شہید،ایران کابھرپور جواب،متعدد ایف35 جنگی طیارے تباہ کردئیے۔
سینٹ کام نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاجزیرہ قشم، سریک، فارس،بوشہر اورخوزستان سمیت مختلف علاقوں میں پاسداران انقلاب کے درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایاگیا،فوجی کمانڈ سینٹرز،میزائل ،ڈرون تنصیبات ،بحری فوجی مراکز بھی شامل ہیں،کارروائی مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کی گئی،خطے میں ہزار سے زائد فوجی ہائی الرٹ ہیں۔
دریں اثنا پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا اردن میں امریکی فوجی بیس پر حملے میں متعدد ایف35 جنگی طیارے ،کویت میں فوجی ہیلی کاپٹرز تباہ،کئی امریکی فوجی افسر و اہلکار ہلاک ہوگئے،آپریشن نصر 2 کے تسلسل و جارح حملہ آور کو سبق سکھانے کےلئے امریکی علی ال سلیم ایئربیس کو نشانہ بنایا، 2ڈرون ہینگرز ،ایئرکرافٹ فیول ٹینک تباہ ہوگیا،خطے میں بچوں کو قتل کرنےوالی فوج کےلئے کوئی جگہ نہیں، آخری امریکی قابض کو خطے سے نکالنے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
اپنے بیان میں پاسداران انقلاب نے کہاشہر بندر امام خمینی میں دشمن کاڈرون مار گرایا گیا، ملبہ رہائشی گھر پر گرا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،حملہ آوروں کی مدد کرنےوالے ممالک نے رویہ تبدیل نہ کیا تو سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا،آبنائے ہرمز پر مضبوط کنٹرول قائم ،ہزاروں کلومیٹر دور سے آنےوالے کسی بھی غیر ملکی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ادھر کویتی وزارت دفاع نے کہا ملک کے شمالی علاقے میں چینی کمپنی کی عمارت پر ایرانی حملے سے مزدور ہلاک ہو گیا،عمارت کو بھاری نقصان پہنچا ،حکام نے صورتحال سے نمٹنے کےلئے ضروری اقدامات شروع کر دئیے۔
دریں اثنا اردن کی مسلح افواج نے کہا ملکی فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حدود سے فائر کیے گئے 5 میزائلوں کو تباہ کر دیا ،تمام میزائلوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا،کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،افواج ہائی الرٹ اور ملک ،شہریوں کے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہیں۔
علاوہ ازیں ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق قطری ایل این جی جہاز ایران کے راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرگیا،3ہفتوں میں آبنائے ہرمز عبور کرنے والی قطرکی پہلی ایل این جی کھیپ ہے۔
امریکی حملے،3شہید،ایران کا بھرپور جواب،متعدد ایف35 جنگی طیارے تباہ



















