اسلام آباد( بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج سے پہلے بھی اگر پنڈی اور اسلام آباد میں اتنا تعاون ہوتا تو پاکستان کو کئی بین الاقوامی اعزاز مل چکے ہوتے،ہم تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں، 78 سال میں اتنی کامیابی نہیں ملی جو آج ملی ہے، 3سال سے پاکستان کی کامیابی کی کوششوں کاسب سے بڑا پھل اللہ تعالیٰ نے آج عطا کیا ہے،ایرانی قیادت نے بہت مشکل حالات میں ایرانی قوم کی بہترین نمائندگی کی، ایران کے ساتھ جو دہائیوں سے ناانصافیاں ہو رہی تھیں وہ اب ختم ہوں گی،مختلف سیاسی اختلافات کو زندہ رکھنا، حل کرنا بھی ضروری ہے، سفارتی محاذ پر جو فتح ملی اس سے سبق بھی سیکھنا چاہیے، آئیے ہم سب فلسطین کے لیے اور کشمیر کے لیے بھی متحد ہو کر کھڑے ہوں۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں امریکا ایران امن معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ پاکستان تاریخ ساز لمحات سے گزرا ہے اور دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، پاکستان اور پاکستان کی قیادت نے جس تحمل، بردبادی اوردانشمندی سے اس معاملہ کوحل کیا یہ 75 سالہ تاریخ کااہم سنگ میل ہے ۔ وزیردفاع نے کہاکہ ایرانی بھائیوں نے جس طرح نازک وقت میں صبروتحمل کامظاہرہ کیا انتہائی دباﺅ میں اور انتہائی نازک دور میں جس طرح ان کی قیادت نے ایرانی قوم کی قیادت کی اور جس طرح ایرانی قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اسی طرح اتحاد اور اسی طرح کی یگانگت کا مظاہرہ کرے تو وہ دن دور نہیں ہے جب فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور غزہ کے مسلمانوں کو بھی انصاف ملے گا۔
پنڈی اسلام آباد میں اتنا تعاون پہلے ہوتا تو کئی عالمی اعزاز مل چکے ہوتے، خواجہ آصف



















