”سموسہ 40 ، نوجوان کی قیمت 32 روپے“ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) ”سموسہ 40 ، نوجوان کی قیمت 32 روپے“ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث،اپوزیشن نے حکومت پر تنقید کے نشتر برسا دئیے۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا کریڈٹ کارڑ ہولڈرز، فرسٹ کلاس سفر کرنےوالوں کو ریلیف دیا گیا، 2050میںآبادی 390ملین ہو جائے گی، ٹیکس ادا کرنے والوں پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے،بجلی و پٹرول کی قیمتیں پورے خطے سے زیادہ ، وزرا کو میڈل دئیے جارہے ہیں، کیا 8000 روپے کمانے والا شخص گھر چلا سکتا ہے، خط غربت کی تعریف کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہئے،نوجوان کی قیمت 32 روپے لگا دی ،اسلام آباد میں سموسہ 40روپے کا ملتا ہے۔

رکن اسمبلی جمال خان کاکڑ نے کہا موجودہ حالات میں بہترین بجٹ ، زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر سے تجاوز کرنابڑی کامیابی ہے، بجٹ میں بلوچستان کےلئے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں، کوئٹہ میں پینے کے پانی کا مسئلہ فوری حل کیا جانا چاہئے،پی ٹی آئی کے شاہد خٹک نے کہا بجلی و گیس کے بلز زیادہ آرہے ہیں، پٹرول 450 روپے لٹر عوام کو مل رہا ہے، تبدیلی کا ڈرامہ رچاکر پی ٹی آئی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا جارہا ہے، ذاتی معالج فراہم کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی حسین طارق نے کہا پی ٹی آئی دور میں فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی کے شکوے نہیں بنتے، ہر مرتبہ ایف بی آر ٹارگٹ پورے نہیں کرتا، ٹیکس کلیکشن کا ٹارگٹ صوبوں کو دے دیا جائے، لگتا ہے ایف بی آر اب بھی ٹیکس کلیکشن ٹارگٹ پورا نہیں کر سکے گا،عوام کو بے یارو مدد گار نہیں چھوڑ سکتے، بجٹ میں صرف اخراجات ہی اخراجات نظر آ رہے ہیں، نوجوان بےروزگار ہیں، لوگوں کو نوکریاں کیسے دیں گے؟۔

اسد قیصر نے کہا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا کہا گیا ،کیا آپ نے خط پڑھاکوئی ایسا لفظ ہے جس میں پاکستان کے نقصان کی بات ہو، حکومت نے آئی ایم ایف بجٹ پیش کیا،ملک میں بےروزگاری ہے، الیکشن کمیشن کو ایک دن بھی نہیں رہنا چاہئے،بانی پی ٹی آئی سے جیل مینول کے مطابق ملاقاتیں بند ہیں، علاج نہیں ہو رہا، عدالتوں کے دروازے بند ہوں گے تو ایک ہی راستہ سڑکوں کا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا 9ماہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہیں کیا گیااب فسطائیت کی بات کرتے ہیں،ن لیگ نے بھی جیلیں دیکھیں،پی ٹی آئی دور میں اپوزیشن کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، فسطائیت و جمہوریت کا چہرہ پوری قوم نے دیکھا۔