پاکستان کو تنہا کرتے کرتے بھارت خود اکیلا ہوگیا: را کے سابق سربراہ کا اعتراف

نئی دہلی (مشرق نیوز) بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش میں بھارت خود اکیلا ہورہا ہے۔ را کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کو تنہائی میں دھکیلنے کی کہانیاں پرانی ہوچکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی نہیں ٹوٹے گا، کبھی نہیں بکھرے گا،پاکستان اب ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کرارہا ہے،یہ کردار بھارت کو نبھانا چاہیے تھا۔ اے ایس دلت کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر بات چیت سے ہی حل ہوگا، پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کبھی نہیں رکنی چاہیے۔

واضح رہے کہ 2 روز پہلے آر ایس ایس کے سیکرٹری جنرل دتاتریہ ہوسابالے نے کہا تھا بھارت کو ہمیشہ پاکستان سے مذاکرات کیلئے تیار رہنا چاہیے، بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ اسکے بعد بھارتی فوج کے سابق سربراہ منوج نروانے نے کہا تھا کہ دونوں طرف لوگوں کے مسائل ایک جیسے ہیں،ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔