نئی دہلی (مشرق نیوز) پاکستان کی کامیاب ثالثی پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔ بھارتی تجزیہ کاروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شہرت کا ڈنکا بجتا دیکھا تو وزیراعظم نریندر مودی کو لتاڑ ڈالا۔ ایک تجزیہ کار نے کہا کہ 10 سال پہلے اڑی میں ہوئے واقعہ پر نریندر مودی نے کہا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کردیں گے۔ آج سفارتکاری کے میدان میں پاکستان کا نام ہے اور بھارت اور نریندری مودی کا نام و نشان تک نہیں ہے۔
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی نریندر مودی کو نہیں بخشا، انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی میں پاکستان کے کردار نے انکی انتہائی شخصی سفارتکاری کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور خود ساختہ وشواگرو مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سیکرٹری اطلاعات جےرام رمیش نے کہا جنگ بندی میں پاکستان کی شمولیت بھارت کی اس دیرینہ پالیسی کو کمزور کرتی ہے جس کے تحت اسلام آباد کو دہشت گردی کے معاملے پر عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کا کردار مسٹر مودی کی سفارتکاری کے اسلوب اور مواد دونوں پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے بھارتی آپریشن سندور پر بھی وضاحت طلب کرلی اور مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مئی 2025 میں اچانک جنگ ختم کرنے کی کبھی مناسب وضاحت پیش نہیں کی۔
پاکستان کی شاندار سفارتی کامیابی پر بھارت میں صف ماتم


















