لاہور (جنرل رپورٹر) پنجاب میں عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے مفت سفری سہولت کا ایک بڑا منصوبہ تیار کر لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق حکومت کرائے پر بسیں حاصل کر کے مفت ٹرانسپورٹ سروس چلانے کی تیاری کر رہی ہے جس کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کو پورا کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں ایک ہزار نان اے سی بسیں چلانے کا پلان تیار کیا گیا ہے، جو پنجاب بھر میں عوام کو سہولت فراہم کریں گی۔فی کلومیٹر بس کا خرچ 309روپے 47پیسے تک آ رہا ہے، جس میں ایندھن، عملے کی تنخواہیں، مرمت اور ٹول ٹیکس سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔ ایک بس پر یومیہ لاگت 61ہزار 894روپے سے زائد بنتی ہے جبکہ ایک ہزار بسوں پر روزانہ خرچ 6کروڑ 18لاکھ روپے تک پہنچ سکتا ہے۔ ماہانہ بنیادوں پر اس منصوبے کے اخراجات تقریباً ایک ارب 85کروڑ 68لاکھ روپے تک ہونے کا تخمینہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کرائے پر حاصل کی جانے والی بسیں بغیر منافع صرف عوامی سہولت کیلئے چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کی حتمی منظوری اور نفاذ سے قبل مالی معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ اس سروس کو پنجاب بھر میں متعارف کرانے کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔
پنجاب، عوام کو مفت سفری سہولیات کیلئے ایک ہزار بسیں چلانے کی تیاریاں


















