امن مذاکرات،اسلام آباد مرکز نگاہ، 4فریقی بیٹھک کی تصدیق

اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد مرکز نگاہ، 4فریقی بیٹھک کی تصدیق،پاکستان،سعودیہ،ترکیہ ،مصر کے وزرائے خارجہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے ملاقات کرینگے۔

نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی تصدیق کر تے ہوئے کہاوزرائے خارجہ اگلے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرینگے،ملاقات ترکیہ میں طے تھی، مصروفیات کی وجہ سے بھائیوں کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی، ایمانداری و نیک نیتی سے تنازع ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام دوست ممالک کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ابتدائی طور پر میٹنگ ترکیہ میں کرنے کے خواہاں تھے، پاکستانی بھائی کو ملک میں ہی رکنا تھااس لیے میٹنگ اسلام آباد میں رکھی،امریکہ ایران کےساتھ مذاکرات کو ممکن بناتا یا کسی معاہدے پر پہنچتا ہے تو اسرائیل پر اثرو رسوخ ڈالنے کےلئے بھی تیار رہنا ہوگا۔

علاوہ ازیں اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان رابطہ ہوا ،خطے میں امن و سفارتی روابط کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں امن و سفارتکاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ،ایران ،امریکہ کے درمیان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک بار پھر علاقائی امن و سفارتی حل کو ترجیح دینے ،مختلف سطحوں پر رابطے جاری رکھنے اور خطے میں استحکام کےلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا پاکستان بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کےلئے مکالمے و سفارتکاری کو واحد موثر راستہ سمجھتا ،خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے،ایران ،امریکہ کے درمیان آئندہ مذاکرات میں سہولت کاری اصولی موقف کا مظہر ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہاعالمی برادری دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے میں کردار ادا کرے،کشیدگی میں کمی کےلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں،کوششوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی، دونوں ممالک خطے و عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کےلئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

مزید برآں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم ،وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،خطے و عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں رہنماوں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار اور فوری طور پر کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

قطری قیادت نے امن، استحکام و مذاکرات کے فروغ کےلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا،دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ،بدلتی صورت حال پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائےگا،دونوں ممالک خطے میں پائیدار امن کےلئے مشترکہ سفارتی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا قطری وزیراعظم اور انڈونیشین وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا،قطر نے امن و استحکام کےلئے پاکستان کی جاری کوششوں کو سراہا،دونوں رہنماﺅں نے بھائی چارے پر مبنی مضبوط تعلقات کا اعادہ ،قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔