لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کی تقرری کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائیگا، ممکنہ طور پر وہ پاکستان کی بنگلہ دیش کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کے استعفیٰ دینے کے بعد سے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ خالی تھا، اظہر محمود کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں عبوری ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا۔ پاکستان ٹیم مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کا حصہ ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی اور دوسرا ٹیسٹ میچ 16 مئی سے شروع ہو گا۔اس سے قبل سرفراز احمد کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کا مینٹور مقرر کیا گیا تھا جن کی سربراہی میں ٹیم نے ایشیا کپ جیتا تھا جبکہ حال ہی میں ہونیوالے انڈر 19 ورلڈکپ کیلئے بھی سرفراز احمد نے مینٹور کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔
سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ


















