اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ماہرین کے مطابق 70 فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے پھیلتی ہیں، صاف پانی مہیا کردیا جائے تو بیماریوں میں 70فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ ہیلتھ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کا مریض سے رابطہ تھوڑی دیر کا ہوتا ہے، مریضوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھے کاموں کا ثواب مرنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے، صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت کے ساتھ نجی شعبہ بھی صحت کے شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا بہترین عمل ہے اور ہیلتھ کیئر انسان کو مریض بننے سے بچانے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافے سے ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہمیں اپنے وسائل کے اعتبار سے آبادی کو کنٹرول کرنا ہوگا، ہر سال ملک میں 61 لاکھ بچے پیدا ہو رہے ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ بچوں کو 13 بیماریوں کی ویکسی نیشن ضرور کروائیں، پاکستان دنیا کے دو ممالک میں سے ہے جہاں پولیو ختم نہیں ہوا، گزشتہ سال ملک میں پولیو کے 30 کیس رپورٹ ہوئے۔
صاف پانی مہیا کر کے بیماریوں میں 70 فیصد کمی لائی جاسکتی ہے: مصطفی کمال


















