لاہور (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) اور قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے اشتراک سے رشوت اور بدعنوانی کے خلاف آگاہی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور مرزا فاران بیگ، سابق صوبائی وزیر اور صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، چیف ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید حسن اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیمینار میں طلباءاور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی اخلاقی تربیت وقت کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور شفافیت کا فروغ ہی مضبوط قومی قیادت کی بنیاد ہے اور رشوت و کرپشن کا مکمل خاتمہ ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت بن سکتا ہے۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی اور موثر احتساب کو یقینی بنانے پر نیب کے کردار کو سراہا۔ ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ نے اپنے خطاب میں بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کیلئے نیب لاہور کی موثر اور جامع حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ نیب لاہور آگاہی سیمینارز، تعلیمی اداروں میں لیکچرز اور کرپشن کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی شعور بیدار کرنا نیب کی اولین ترجیح ہے اور یو ایم ٹی جیسے تعلیمی ادارے اس قومی مہم میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط کردار، خود احتسابی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار ہی کرپشن فری معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی مختلف شکلوں میں ظاہر ہوتی ہے اور اس کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق احتساب کے عمل کو مزید موثر بنایا ہے، جس سے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور عوامی اعتماد میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کردار سازی میں تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا اور یو ایم ٹی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اختتام پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد اور ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ کو یادگاری سوونیئرپیش کئے۔
ایمانداری اور شفافیت کا فروغ ہی مضبوط قومی قیادت کی بنیاد ہے : چیئرمین نیب


















