سٹاک مارکیٹ بلند، پرائمری بیلنس بہتر،نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ،آوٹ لک رپورٹ


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سٹاک مارکیٹ بلند، پرائمری بیلنس بہتر،نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ،وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کے تحت پالیسی ریٹ 11.5 فیصد مقرر کیا، نان ٹیکس ریونیو میں 7.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 8.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جولائی تا مارچ ترسیلات زر کا حجم 30.3 ارب ڈالر کی سطح پر جاپہنچا،پی ایس ایکس انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار 823 کی بلند ترین سطح سے اوپر، سٹاک مارکیٹ کی مالیت میں 44.3 فیصد اضافہ، حجم 18.34 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا فروری ایف بی آر کے محصولات میں 10 فیصد سے زائد اضافہ، 9305 ارب جمع ہوئے، ملکی مجموعی ذخائر 20.6 ارب ڈالر، سٹیٹ بینک کے پاس 15.1 ارب ڈالر موجود ہیں،انٹربینک میں امریکی ڈالر 278 روپے 80 پیسے کی سطح پر برقرار ہے، جولائی تا مارچ ملکی برآمدات 5.8 فیصد کمی کےساتھ 23.3 ارب ڈالر رہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا مارچ درآمدات کاحجم7.9 فیصد اضافے سے 46.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد کمی آئی،مارچ میں افراط زر کی شرح 7.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.9 فیصد کا اضافہ ہوا، جولائی تا فروری زرعی قرضوں کی فراہمی میں 14.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،کمپنیوں کی رجسٹریشن 22.7 فیصد بڑھی، پرائمری بیلنس میں نمایاں بہتری ہوئی، حجم 4,319 ارب تک پہنچ گیا۔