سعودی عرب کی پاکستان کو ادھار تیل سمیت مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (مشرق نیوز) سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ مشکل معاشی صورتحال میں مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی وزیرخزانہ کی دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں قرض، ادھار تیل کی سہولت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔ سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزارت خزانہ کے مطابق سعودی وزیرخزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر قرض اور آئل فنانسنگ سہولت میں توسیع کی درخواست کی گئی۔ تیل سہولت مزید 5 سال بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں ماہ تقریباً 4 ارب 80 کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی کے دباو¿ کا سامنا ہے۔ ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی پہلے ہی کی جاچکی، ایسے میں زرمبادلہ ذخائر برقرار رکھنے کیلئے مزید مالی مدد ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مضبوط برادرانہ تعلقات کی تجدید بھی کی گئی۔