بھارت ، انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل میں کئی ریکارڈز چکنا چور

ممبئی (مشرق نیوز) بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سیمی فائنل میں ایک شاندار مقابلہ ہوا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 499 رنز بنائے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔ بھارت نے 253 رنز بنائے، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی ناک آوٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز تھے، جبکہ انگلینڈ نے 246 رنز اس فہرست میں دوسرے نمبر رہے۔

اس میچ سے قبل صرف ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ناک آو¿ٹ میچ میں 200 سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ اس میچ میں انگلینڈ کے جیکب بیتھل نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ناک آوٹ میچ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

بھارت کی طرف سے سنجو سیمسن نے 89 رنز بنائے، جو کسی بھی بھارتی کھلاڑی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ناک آوٹ میچ میں سب سے بڑی اننگز تھی۔ دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 73 چوکے اور 34 چھکے لگائے، اس سے قبل کسی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کسی بھی میچ میں اتنے چوکے اور چھکے نہیں لگے۔

انگلینڈ کے جوفرا آرچر کو سات چھکے لگے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کسی بولر کو لگنے والے سب سے زیادہ چھکوں کے برابر ہیں۔ اس سے قبل اسٹورٹ براڈ کو 2007 اور زیویئر ڈوہرٹی کو 2012 میں سات چھکے پڑ چکے ہیں۔

بھارتی ٹیم چوتھی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس نے سری لنکا، پاکستان اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا جو تین تین مرتبہ فائنل کھیل چکے ہیں۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ جب دفاعی چیمپئن ٹیم نے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل پاکستان (2007، 2009) اور سری لنکا (2012، 2014) لگاتار دو مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں۔