شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری، ایک ہی روز میں2 پاک بھارت ٹاکرے

لاہور (مشرق نیوز) شائقین کرکٹ ایک ہی روز میں دو پاک بھارت ٹاکرے دیکھ سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 15 فروری کو 2 پاک بھارت معرکے طے ہو گئے ہیں، مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ساتھ ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں بھی پاکستان اور بھارت کا سامنا ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ویمنز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کا شیڈول جاری کردیا۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلا جائے گا۔ اس کا مقصد براعظم سے ابھرتی ہوئی ٹیموں کو پلیٹ فارم کی فراہمی اور ایشیائی کرکٹ کے فیوچر اسٹارز کو متعارف کرانا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ اے میں متحدہ عرب امارات اور نیپال شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔ شائقین کی دلچسپی کے حامل پاک بھارت ویمنز میچ کو گروپ مرحلے کا سب سے نمایاں مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، اس سے رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔

گرین شرٹس مہم کا آغاز 13 فروری کو نیپال کے خلاف کریں گی، گروپ مرحلے میں آخری مقابلہ 17 فروری کو یو اے ای سے ہوگا۔ دوسری جانب بھارت کا پہلا میچ متحدہ عرب امارات اور دوسرا میچ نیپال سے ہونا ہے۔ گروپ مرحلہ 18 فروری تک جاری رہے گا، اس کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں 20 فروری کو ہونے والے سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کرپائیں گی جبکہ فائنل 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2026 کو نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور ایشیا بھر میں ویمنز کرکٹ کو مضبوط بنانے کیلئے اہم پلیٹ فارم سمجھا جا رہا ہے، کئی ٹیمیں اسے سینئر سطح پر کامیابی کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔