بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلانے والے والدین کیخلاف کارروائی کا قانون منظور

اسلام آباد (مشرق نیوز) اب بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے نہ پلوانے پر والدین کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، قومی اسمبلی نے قانون کی منطوری دیدی، پولیو ویکسیشن کا نادرا سے سرٹیفکیٹ لینا لازمی قرار دیدیا گیا۔

قومی اسمبلی نے پولیو کے خاتمے کیلئے سخت قوانین نافذ کرنے کی منظوری دیدی، پولیو ویکسین سے انکار پر پہلی بار 50 ہزار، دوسری بار ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، 10 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کی تمام ڈوز پلانا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔

والدین یا سرپرست کی جانب سے جان بوجھ کر ویکسین سے انکار پر سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوگا، نئے قانون کے تحت نادرا سے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہو گا ، تعلیمی ادارے 10 سال سے کم عمر بچوں سے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ طلب کریں گے۔

اسلام آباد کیلئے 5 سالہ قومی انسداد پولیو حکمت عملی مرتب کی جائیگی، پاکستان اب بھی وائلڈ پولیو وائرس سے متاثر دو ممالک میں شامل ہے، فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت خصوصی اقدامات کریگی، خطرناک علاقوں میں پولیو ٹیموں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔

پولیو ورکرز کو ڈرانے، دھمکانے یا حملہ کرنے پر 7 سال قید اور جرمانہ ہو گا، وفاقی حکومت فرنٹ لائن پولیو ورکرز کیلئے خصوصی معاونتی فنڈ قائم کریگی، پولیو سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات پر مبنی بل منظور کر لیا گیا۔ پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر بعض سرکاری امور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑےگا، پولیو ویکسی نیشن سے متعلق مقدمات کی سماعت صرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کریں گے۔