پاکستان جنگ کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں،جمعہ کو تیل قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کی مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور قیام امن کیلئے متواتر کوششیں جاری ہیں،ایرانی وزیر خارجہ نے نئی تجاویز پر مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا، جنگ کی وجہ سے معاشی ترقی کا سفر رک گیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، جمعہ کو قیمتوں کادوبارہ تعین کریں گے،مسائل پہاڑ بن کر سامنے کھڑے ہیں لیکن مشکل وقت سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، سعودی عرب کے تعاون سے ساڑھے 3 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ چکا دیا، کفایت شعاری اقدامات جاری رہیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاایران ،امریکہ جنگ کے پاکستانی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ،تیل کا درآمدی بل 167 فیصد اضافے کےساتھ 30 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ،انتہائی مشکل صورتحال کا ہمت و یکسوئی سے سامنا کرنا ہوگا،پاکستان جنگ کے مکمل خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی کےلئے بے پناہ کاوشیں کر رہا ہے،پاکستانی کوششوں کے نتیجے میں ہی جنگ بندی میں توسیع ممکن ہوئی جو برقرار ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہمت نہیں ہاری ،دن رات کاوشیں کیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ہم منصبوں کےساتھ مصروف رہے،وزیر داخلہ محسن نقوی کابھی اہم کردار ہے۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان نے امن کےلئے ایران کو نئی تجاویز ارسال کیں ،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہامشاورت کے بعد تجاویز کا جواب دیں گے،دعا ہے جنگ جلد ختم ہو کیونکہ اچانک چھڑنے والی جنگ نے 2سالوں کی معاشی کوششوں کوشدید نقصان پہنچایا،جمعہ کو عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور ٹیم کی محنت کے باعث دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں تیل کے حصول کےلئے لمبی قطاریں یا افراتفری پیدا نہیں ہوئی اور حالات قابو میں رہے،عوام تیل کی بچت کریں۔

شہبازشریف نے کہا پی آئی اے کی نجکاری کے عمل سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا،صوبائی حکومتیں زراعت کےساتھ عوامی ٹرانسپورٹ و دیگر اہم شعبوں میں عوام کو سبسڈی برقرار رکھنے کیلئے مشاورت کریں تاکہ عام آدمی کو بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچایا جا سکے،سعودی عرب کے حکمران شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں، امن کیلئے کوششیں ہنوز جاری ہیں، کمی نہیں آئے گی، ہمت باندھے رکھنا اور محنت جاری رکھنا ہوگی،عوام سے کی گئی کمٹمنٹ کوپورا کیا جائے گا ،مشکل وقت گزر جائے گا، محنت و یکسوئی سے کام کرنے والی قومیں زندہ رہتی ہیں ،خطے میں کشیدگی جلد ختم ،پائیدار امن قائم ہوگا، پاکستان کی کوششیں مسلسل جاری رہیں گی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف سے وفاقی وزراحنیف عباسی، مصطفی کمال،خالد مگسی ،معاون خصوصی ہارون اختر نے ملاقاتیں کیں،وزارتوں میں جاری منصوبوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے ریلوے میں عوامی سہولت اور باحفاظت سفر کو یقینی بنانے کےساتھ فریٹ سروس کو مزید موثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔