سوئٹزر لینڈ میں ایران امریکہ تکنیکی مذاکرات مکمل، اگلے مرحلے کیلئے 4ورکنگ گروپ تشکیل

تہران، واشنگٹن (مشرق نیوز) ایران کے نائب وزیرِ خارجہ اور امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں ایرانی تکنیکی ٹیم کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے اعلان کیا ہے کہ سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے ایران امریکا تکنیکی مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے 4 خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں، جو مختلف اہم امور پر کام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تشکیل دیے گئے ورکنگ گروپس میں پابندیوں کے خاتمے کا ورکنگ گروپ، جوہری امور کا ورکنگ گروپ، تعمیرِ نو و اقتصادی ترقی کا ورکنگ گروپ، اور نگرانی و نفاذ کا ورکنگ گروپ شامل ہیں۔کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ہر ورکنگ گروپ اپنے متعلقہ شعبے میں تفصیلی مذاکرات اور تجاویز پر کام کرے گا تاکہ مستقبل کے معاہدے کی بنیاد مضبوط بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ طے پانے والی ابتدائی مفاہمت کے مطابق مذاکرات کا اگلا مرحلہ ایک اعلی سطح کی کمیٹی کی نگرانی میں ہو گا، اس کمیٹی میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ، امریکا کے نائب صدر جبکہ پاکستان اور قطر کے وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے۔ایرانی حکام کے مطابق مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، پابندیوں سے متعلق معاملات کا حل، جوہری پروگرام کے حوالے سے اختلافات کا خاتمہ اور خطے میں استحکام کے لیے ایک جامع معاہدے تک پہنچنا ہے۔دریں اثناءوائٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا کے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھل گئی ہے۔ انہوں نے کہا ایران آبنائے ہرمز میں بہت اچھا اقدام کررہا ہے۔ سب جانتے ہیں ایران بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے معائنوں پر رضامند ہوجائے گا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران مستقبل میں طویل عرصے تک جوہری شفافیت یقینی بنانے کیلئے راضی ہوگا۔