کراچی (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان کبھی سرنڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی برداشت کرے گا، ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ، معرکہ حق ہم سب کی یکجہتی کی جیت ہے،”معرکہ حق“ کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا ایک سال قبل پاکستان غیر یقینی صورتحال کا شکار تھا تاہم آج قوم کے اتحاد نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دئیے، دشمن سمجھتا تھا پاکستان کو کمزور کیا جا سکتا ہے مگر وہ قوم کے عزم سے واقف نہیں تھا، کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ حوصلے، یکجہتی اور قومی طاقت کی جیت ہے، مسلح افواج نے میدان جنگ میں جرات اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی ، سفارتکاروں نے عالمی سطح پر موثر انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا،معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ، کامیابی کے بعد اب ذمے داری ہے کہ ملک کو مزید مضبوط بنایا جائے، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن باہمی عزت اور احترام کے ساتھ ہونا چاہیے،بلاول بھٹو نے کہا شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرہ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراوں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی جس نے اتحاد کی نئی مثال قائم کی۔
پاکستان کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، معرکہ حق اتحاد کی فتح ہے: بلاول بھٹو



















