اسلام آباد (مشرق نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ سچ ہمیشہ جھوٹ پر غالب آتا ہے۔ ایک بیان میں فیکٹ چیک پیش کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ نام نہاد افغان ترجمان حمد اللہ فطرت جھوٹ اور گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق یہ ثابت شدہ ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں صرف دہشت گرد انفراسٹرکچر کو درستگی سے نشانہ بنایا۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فضائی حملوں، فتنہ الخوارج کی ہلاکتوں، زخمیوں کے اعداد و شمار باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کئے جاتے ہیں، حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کی جاتی ہیں، برخلاف اسکے کہ من گھڑت معلومات پیش کی جائیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ دنیا بھارتی سرپرستی میں قائم افغان طالبان رجیم اور اسکی دہشت گرد پراکسیز کے حملوں کی گواہ ہے، حالیہ بزدلانہ حملہ ڈومیل، بنوں میں ہوا جہاں خواتین اور بچوں سمیت 10 شہری شہید ہوئے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغان شہریوں کو پاکستان میں دہشت گردی میں استعمال کرنے کے شواہد بھی منظر عام پر آ چکے ہیں، 5 اپریل کو بلوچستان کے وزیر داخلہ کی کانفرنس میں پیش معلومات بھی شواہد شامل ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد قیادت کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، اقوامِ متحدہ اور دیگر افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں دہشت گرد پراکسیز کی موجودگی کی تصدیق کرتی ہیں۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق حمد اللہ فطرت اور دیگر ترجمان جعلی، پرانی اور اے آئی سے تیار پروپیگنڈا ویڈیوز اور دعوے پوسٹ کرتے رہتے ہیں، ان کے دعووں کو انکے بھارتی آقاوں اور پروپیگنڈا نیٹ ورکس کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے۔
افغان ترجمان دعوے جھوٹے، صرف دہشت گرد انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا: پاکستان


















