اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج اپنا مذہبی تہوار ایسٹر نہایت عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو اس خوشی کے تہوار کی روایتی مسرتیں مبارک ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن نہ صرف مسیحی برادری بلکہ پورے ملک اور دنیا کیلئے امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی کشیدگی کے حالات میں تمام مذاہب کی امن، رواداری اور بھائی چارے کی تعلیمات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر دیگر مذہبی تہواروں کی طرح پوری انسانیت کیلئے محبت، امید اور نئے آغاز کا پیغام لے کر آتا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یہ اقدار محض نظریاتی نہیں بلکہ عملی زندگی میں نظر آتی ہیں، مسیحی مرد و خواتین ہمارے اسکولوں، ہسپتالوں، سرکاری خدمات اور مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی خاندان اس دن کو عبادت اور باہمی میل جول کے ذریعے مناتے ہیں،انکی خدمات ہمارے معاشرے کے معمول کے نظام کا حصہ ہیں اور یہ اعتراف اور احترام کی مستحق ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان میں تمام برادریاں ان حقوق سے مکمل طور پر مستفید ہوں، حکومت اقلیتی برادریوں کی جان، مال، عزت اور سلامتی کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے۔
صدر زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد



















