تہران:(مشرق نیوز)ایران نے ٹرمپ کادعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے آبنائے ہرمز بدستور بند ،شرائط پوری ہونے پر ہی کھلے گی۔
اپنے بیان میں ایرانی اتھارٹی نے کہا امریکی حکام کے بار بار بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس آبنائے ہرمز کی صورتحال تبدیل نہیں کر سکتیں،ناکہ بندی ختم ہونے کے دعوے حقیقت کے برعکس ، آبنائے ہرمز بدستور بند ہے اور ایرانی شرائظ کے تسلیم ہونے تک بند ہی رہے گی۔
ایران کی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمانڈ نے واضح کیا آبنائے ہرمز سے کسی بھی بحری جہاز کو ایران کی اجازت کے بغیر گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا امریکہ ایران کےخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش نہ کرے،غلطی کی گئی تو دنیا میں موجود امریکی فوجی اڈے قبضے میں لے لیے جائیں گے، جوہری ہتھیاروں کا استعمال امریکہ کےلئے بہت بڑی غلطی ثابت ہو سکتا ہے۔
رضا نقدی نے کہا موجودہ حالات دوسری عالمی جنگ کے دور جیسے نہیں، دنیا کے عوام بیدار ہو چکے ، دنیا میں کوئی بھی جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا اگر کوئی ملک ایسا کرتا ہے تو اگلا نشانہ خود ہو گا،امریکی فوجی اڈوں پر قبضہ ایرانی فوج خود کرے گی، ایران کو جوہری بم کی کوئی ضرورت نہیں، امریکی فوج توقع سے کہیں زیادہ کمزور ہے۔
پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر نے کہاجنگ سالوں تک بھی جاری رہی تو ایران کے پاس وافر تعداد میں میزائل موجود ہیں، میزائل ختم ہوئے تو امریکہ کےلئے مزید خطرناک ہو جائیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہاانٹیلی جنس ناکامیوں کے باعث امریکہ طویل عرصے سے غلط اندازے لگاتا رہا، ایران کےخلاف جنگ بہترین مثال ہے،آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکہ بڑی غلط فہمی کا شکار ، جعلی خبروں سے بھی زیادہ خطرناک جعلی انٹیلی جنس ہوتی ہے۔
عباس عراقچی نے کہافرانس انسانی حقوق ،بین الاقوامی قانون پر دنیا کو لیکچر دینے سے باز رہے،غزہ ،ایران کےخلاف جارحیت کی حمایت نے فرانس کے اخلاقی دیوالیے پن کو ظاہر کر دیا، فرانس کا غزہ ،ایران کے معاملے پر مو¿قف منافقانہ ،فرانسیسی دہرا معیار واضح اور شرمناک ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا آبنائے ہرمز کے ذریعے ہونےوالی تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر خلیج فارس ،بحیرہ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی واخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے،حالیہ دنوں قشم جزیرے کے ساحلوں پر تیل آلودگی کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، آلودگی خلیج فارس سے ساحل کی جانب بہہ کر آئی، ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ذریعہ غیر ملکی بلک کیریئر (مال بردار جہاز) ہے، 3ساحلی مقامات و سمندر کی سطح کے کچھ حصوں میں آلودگی کی نشاندہی ہوئی۔
دریں اثنا نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم دے دیا گیا،سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا پاسداران کو حکم دیا ہے اپنی صلاحیت اس قدر بڑھائیں ملکی سرحدوں سے جارحانہ آپریشنز کو دشمن کی زمین تک انجام دیا جاسکے،امریکہ کا جنگی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے 100 گنا زیادہ ہے مگر دشمن کے تمام 14 مقاصد ناکامی سے دوچار کئے ،ایران کو اس قابل ہونا چاہئے جنگ دشمن کے علاقے تک لے جاسکے اور جارحانہ ڈاکٹرائن کی خصوصیت پوری ہونی چاہئے۔
ٹرمپ کا دعویٰ مسترد ،آبنائے ہرمز بدستور بند ،شرائط پوری ہونے پر ہی کھلے گی،ایران


















