نکاسی آب میں کوئی غفلت برداشت نہیں ہوگی: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے مون سون بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا کے ہمراہ صدر بازار، ہائی اسٹریٹ، لیاقت چوک، گول چکر اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور فیلڈ میں موجود عملے کو ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کہا کہ بارش کا پانی فوری طور پر نکالا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق مون سون کے دوران عوامی سہولت اور تحفظ اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے ادا کریں۔انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایت کی کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، آپریشنل ٹیمیں اور مشینری مکمل طور پر فعال رکھی جائے جبکہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کریں۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دینے اور جہاں بھی پانی جمع ہو وہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے بروقت نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر ساہیوال نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران واسا کی تمام ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر نہ ہوں اور انہیں بہترین بلاتعطل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لائیوسٹاک ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر عبدالر¶ف، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی اسلم، ڈیزیز انویسٹی گیشن اینڈ کنٹرولنگ آفیسر ڈاکٹر جمشید اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اقبال، ڈاکٹر فہد اور اسسٹنٹ ڈیزیز انویسٹی گیشن آفیسرڈاکٹر عبدالرحمان نے شرکت کی۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر عبدالر¶ف نے محکمہ کی ڈویژنل سطح پر کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں جانوروں کے علاج معالجے، لائیوسٹاک کارڈ پروگرام، جانوروں کی ویکسی نیشن مہم، ویٹرنری گریجویٹس کے انٹرن شپ پروگرام، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کارکردگی، فیلڈ سٹاف کی کارکردگی اور ویٹرنری ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی اور مویشی پال حضرات کو جدید، معیاری اور بروقت ویٹرنری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جانوروں کے علاج معالجے، حفاظتی ویکسینیشن اور بیماریوں کی موثر نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ مویشیوں کی صحت بہتر ہونے کیساتھ ساتھ لائیوسٹاک کے شعبے کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہو۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے، ویٹرنری ہسپتالوں میں ادویات، ویکسین اور دیگر سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ تمام ترقیاتی اور سروس ڈلیوری سے متعلق اہداف مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں تاکہ حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات ڈویژن بھر کے مویشی پال حضرات تک موثر انداز میں پہنچ سکیں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کے جونیئر بوائز سیکشن کا تفصیلی دورہ کیا اور ادارے میں جاری تعلیمی و انتظامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان، متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر نے جونیئر بوائز سیکشن کی رینوویشن کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے وائٹ واش، واش رومز کی مرمت، کمپیوٹر لیب کی اپ گریڈیشن، طلبہ کیلئے ٹھنڈے پانی کے واٹر کولرز، بجلی کی محفوظ اور معیاری وائرنگ سمیت دیگر ضروری مینٹیننس کے کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بچوں کو معیاری، جدید اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی ایس ساہیوال کا شمار شہر کے ممتاز تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، جہاں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو بہترین بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی و مرمتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ نئے تعلیمی سیشن میں طلبہ کو مزید بہتر، محفوظ اور جدید تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔