تہران،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امریکی جارحیت،ایران پرفضائی حملوں کی نئی لہر،متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے،3افراد شہید،متعدد زخمی ہوگئے۔
یزد،اہواز، لار،بندرعباس،سیریک،جزیرہ قشم اورامیدیہ شہر میں شدید بمباری کی گئی،امریکی فوج نے 3پلوں ،اہم سرنگوں کو بھی نشانہ بنایا، متعدد شاہراہیں ،رابطہ سڑکیں بند کر دی گئیں،سینٹ کام نے کہا کارروائیوں میں جنگی طیاروں، ڈرونز، جنگی بحری جہازوں و دیگر فوجی وسائل کا استعمال کیا ،نگرانی کے مراکز، فوجی لاجسٹک ڈھانچے، زیرِ زمین اسلحہ گوداموں اور بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حملے ہرمزگان، خرم آباد، یزد، سیرک، بندر عباس، جاسک، قشم ،اہواز کے علاقوں پر حملے کیے گئے، بندر عباس رودان شاہراہ پر 2 اہم پلوں کو شدید نقصان پہنچا، جاسک شہر میں پانی،بجلی کی تنصیبات اور ڈی سیلینیشن پمپس کو نشانہ بنایا گیا،صوبہ لورستان کے شہر خرم آباد میں بھی متعدد دھماکے سنے گئے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ضلع جاسک کے ساحلی گاوں بنجی میں پانی کو نمک سے پاک کرنے (ڈی سیلینیشن) والے پمپوں پر امریکی حملے کے باعث 20 دیہات میں تقریباً 10 ہزار افراد کو پینے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔
ہرمزگان واٹر اینڈ ویسٹ واٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو حمزہ پور کے مطابق امریکی حملے جرائم و دہشتگردی کا سلسلہ ہیں، سمندر سے پانی کھینچنے والا پمپنگ سٹیشن اور بنجی ڈی سیلینیشن پلانٹ کا بجلی ٹرانسفارمر مکمل طور پر تباہ ہو گیا،20 دیہات پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
ایران نے جوابی وار میں بحر ہند وخلیجی خطے میں امریکی اہداف پر میزائل داغے،پاسداران انقلاب نے کہا بحرین میں امریکی ڈرون کشتیوں کے گودام ،مصنوعی ذہانت مرکزکو تباہ کردیا،بوشہرمیں ایم کیو نائن ڈرون مار گرایا ،آبنائے ہرمزمیں 2 آئل ٹینکروں میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دونوں ٹینکر بارودی سرنگوں والے راستے سے گزر رہے تھے،اردن میںالازرق ائیربیس کو میزائل ،ڈرونز سے نشانہ بنایا، حملے میں 2 فائٹر جیٹس اور 3 امریکی طیارے تباہ کردئیے، فائٹر جیٹ شیلٹرز، پارکنگ ریمپ کو بھی نشانے پر رکھا۔
ذرائع ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا سعودی عرب کے شہر الخرج میں پرنس سلطان ائیر بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا،اڈہ امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ ٹینکر طیاروں کی میزبانی کررہا تھا۔
ادھر ترجمان کویتی وزارت دفاع نے کہاملکی فضائی حدود میں داخل ہونےوالے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں ،ڈرونز کو سراغ لگانے کے بعد فضا میں ہی تباہ کر دیا ،ایرانی حملوں کے دوران کویتی فوج کے کئی مراکز ،فوجی کیمپ نشانہ بنے، زمینی افواج کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے، تمام کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
اردن کی فوج نے کہا ایران کے 10 میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا،کارروائی معمول کے دفاعی اقدامات کے تحت کی گئی تاکہ مملکت کی خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کےخلاف وسیع فوجی آپریشن کی تیاری شرو ع کردی، درجنوں ری فیولنگ طیارے اسرائیل بھیج دئیے،ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے زیر غور منصوبوں میں ایران کے بجلی گھروں، اہم انفراسٹرکچر اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا شامل ہے۔
امریکی جارحیت،ایران پرفضائی حملوں کی نئی لہر،3افراد شہید،متعدد زخمی


















