فریقین جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں،اسحاق ڈار


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے بات چیت کے ذرائع ہر صورت کھلے رہنے چاہئیں،فریقین جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں۔

اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی کایا کالاس سے ٹیلیفون پررابطہ کیا،دونوں رہنماوں نے خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا، کایا کالاس نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تکمیل میں پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا تاہم حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا تمام فریقوں کے درمیان رابطے اور بات چیت کے ذرائع ہر صورت کھلے رہنے چاہئیں۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کےلئے جامع فریم ورک کی تشکیل کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاتمام فریق جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں۔

دریں اثنااسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی بدلتی صورتحال ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا،ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اسحاق ڈار کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پرمبارکباد دی اور پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی پیشرفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی،جلد پاکستان کادورہ کرونگا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان مکالمے ،سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔