لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے ،نظام کی تبدیلی کےلئے اپنے بل بوتے پر عوام کا مقدمہ سیاسی فورم پر لڑیں گے۔
سینئر صحافیوں ،ایڈیٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاماضی میں سیاسی اتحاد جماعت اسلامی کےلئے فائدے کی بجائے نقصان کا باعث بنے اب جماعت اپنی تحریک خود آگے بڑھائے گی،دھرنا طویل و صبر آزما،حکومت کو گھٹنے ٹیک کر جماعت کے پاس آنا ہوگا،اسلام آباد کے بند کمروں میں مذاکرات نہیں ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا12ربیع الاول کو ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،پہیہ جام ،شٹر ڈاون کے مرحلے سے ہوتے ہوئے اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کرینگے،صوبائی دارالحکومتوں کےساتھ اضلاع کی سطح پر احتجاجی کیمپ بھی لگائے جائیں گے، پیدل مارچ ،اسلام آباد دھرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
دریں اثناجماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی کےخلاف لاہور ،کراچی، پشاور میں دھرنے مسلسل 8ویں روز بھی جاری رہے،حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لیوی کے خاتمے تک دھرنے جاری رہیں گے،12ربیع الاول کے بعد شٹر ڈاﺅن ،اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے،جدوجہد فیصلہ کن مرحلے کی طرف بڑھ رہی ہے، تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے، حافظ نعیم الرحمن


















