خیبر پختونخوا حکومت کیلئے رمضان پیکیج سے زیادہ بانی کے دانت ، آنکھ اہم ہے، عظمیٰ بخاری


لاہور: (وقائع نگار )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے خیبر پختونخوا حکومت کیلئے رمضان پیکیج سے زیادہ بانی کے دانت ، آنکھ اہم ہے، پنجاب میں ہر مستحق کو امداد دہلیز پر فراہم کی جارہی ہے،کے پی حکومت ابھی تک رمضان پیکیج کی تقسیم تو دور اعلان بھی نہ کرسکی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کے پی حکومت کےلئے بانی کی آنکھ،دانت ، جیل میں آسائشیں اہم ہیں، کے پی حکومت کا فوکس رمضان سے زیادہ رہائی فورس اور نیا فتنہ پھیلانے پر ہے، صوبے ابھی تک ڈیجیٹل ڈیٹا ہی جمع نہیں کیا جا سکا،2025میںبھی کے پی حکومت کا رمضان پیکیج پارٹی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستوں پر دیا گیا، پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے صوبے بھر میں سروے مکمل کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا سروے کے تحت پنجاب کے ہر شہری کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا،42لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ مل رہے ہیں،مسیحی برادری کو بھی امدادی رقم الگ سے مل رہی ہے،ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج ،مریم کے دسترخوان سے روزانہ ہر تحصیل میں 2ہزار روزہ داروں کی افطاری کرائی جا رہی ہے۔