اسلا م آباد،شیخوپورہ،مریدکے،فیروزوالہ:(نمائندگان)وفاقی وزرا نے کہاہے سڑکوں کی بندش غیرقانونی،کے پی حکومت آئین کی پاسداری کرے، بینائی میں بہتری،عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں۔
وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ تسلی بخش،ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں،ایک آنکھ کی بینائی100فیصد، دوسری کی نظر70فیصد بہتر،علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنا ضروری ہوا تو کریں گے،پمزہسپتال میں بھی علاج پی ٹی آئی کی درخواست پرنہیں کیا گیا تھا،عمران خان کی صحت ترجیح،علاج کیلئے درکا ر تمام سہولیات فراہم کریں گے۔
قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میں طارق فضل چودھری نے کہاعمران خان کو دوسرا انجکشن 25 فروری کو لگے گا،لیزر آپریشن کی ضرورت پڑی تو کیا جائے گا،تفصیلی طبی معائنہ اڈیالہ جیل کے اندر حکومتی ہدایات کے مطابق مکمل شفافیت کےساتھ کرایا گیا، مکمل سہولیات سے لیس ہیوی ایمبولینس جیل کے اندر پہنچائی گئی،پمز کے ڈاکٹر عارف ،شفا ہسپتال کے ڈاکٹر ندیم قریشی نے فزیکل معائنہ کیا، سینئر ماہرین عاصم یوسف ، ڈاکٹر مرزا کانفرنس کال پر موجود رہے ،بیرسٹر گوہر کو بھی تمام پیشرفت سے آگاہ رکھا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہاابتدائی رپورٹ کے مطابق سوجن میں واضح کمی،بینائی میں بہتری ،معائنے کے دوران آنکھ میں کوئی بڑی پیچیدگی سامنے نہیں آئی ،حکومت نے خاندان کو بھی باقاعدہ مطلع کیا معائنے کے دوران موجود رہ سکتے ہیں تاہم خاندان کی جانب سے کوئی نمائندہ نہیں آیا،تمام کارروائی آزاد ماہرین کی نگرانی میں کی گئی،ریاست کی ذمہ داری ہے ہر شہری کو معیاری علاج مہیا کرے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شیخو پورہ بار کونسل،فیروزوالہ بار کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہابانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ کی بینائی عینک لگا کر 70فیصد ،دوسری آنکھ کی بینائی 6/6ہے،طبی ٹیم نے علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ، اپوزیشن رہنماوں ،بانی کے ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی،موٹر ویز ،جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام ، خیبر پختونخوا حکومت آئین و قانون کی پاسداری کرے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا اپوزیشن لیڈرز ،کے پی حکومت ،چیئرمین پی ٹی آئی قبلہ درست کریں،عمران خان کے ڈگر پر نہ چلیں، قوم انتشار ،جلاﺅ گھیراﺅ اور گالم گلوچ کا بیانیہ مسترد کرچکی ،عمران خان کو حاصل سہولیات کسی قید ی کو میسر نہیں،عدالتیں فیصلہ کرنے میں آزاد،حکومت عملدرآمد کی پابند ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپوزیشن نہیں چاہتی عمران خان کی رپورٹ اچھی آئے،دھرنا شرکا کو مختلف اقسام کے پراٹھے پہنچائے گئے، علامہ راجہ ناصر عباس تصدیق کرلیں ورنہ سارے شواہد ہیں،مسلح افراد کو پارلیمنٹ لاجز تک پہنچایا گیا،میڈیکل رپورٹس سپریم کورٹ پہنچ چکی ہوں گی،عمران خان کی نظر جوانوں کی طرح ہے ،دیکھ اور پڑھ رہے ہیں،دھرنے والوں کو بانی پی ٹی آئی کی آنکھ بچ جانے پر مایوسی ہوئی ،چاہتے ہیں کوئی حادثہ ہو جائے۔
پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا عمران خان کو اگر کوئی جان لیوا بیماری لاحق ہوئی زندگی بچانے کےلئے بیرون ملک بھجوایا جاسکتا ہے ورنہ نہیں،ڈیل کیلئے کوئی بات چیت ہوئی تو پارلیمانی قوتوں سے ہوگی،حکومت علاج کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ،پروپیگنڈا جھوٹ نکلا، عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق تمام سہولیات میسر ہیں، میڈیکل بورڈ کی تمام سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔
رپورٹ تسلی بخش،عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں، وزرا



















