نواز،مریم سے ایرانی سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

لاہور:( وقائع نگار)قائد ن لیگ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا،ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری ،خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ،تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مریم نواز نے ایرانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بالخصوص زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اقتصادی و سماجی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

نوازشریف نے کہا مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھا جائے تو بات چیت کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، ایران نے جواں مردی کےساتھ حالات کا مقابلہ کیا ،دل میں بے شمار دعائیں اور نیک خواہشات ، ایرانی عوام ہمیشہ دعاﺅں کا حصہ رہے ہیں۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے نواز شریف کو عالم اسلام کا اہم و عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان ،ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں، عالم اسلام کی قیادت ، پاک ایران تعلقات کے فروغ کےلئے نواز شریف جیسے رہنما کی اشد ضرورت ہے،رضا امیری مقدم نے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ کے امور حل کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔