پاکستان اور قازقستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان اور قازقستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے کی دستاویز، ریلوے کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف تقریب میں شریک ہوئے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر قاسم جومارت توکایووف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔

پاکستان اور قازقستان کے درمیان کان کنی اور پیٹرولیم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت، اقوام متحدہ کے امن دستوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی دستاویز، میری ٹائم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس سے قبل قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاوس میں استقبالئے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعظم ہاوس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماوں نے مصافحہ کیا، دونوں رہنماوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔

تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے، چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، صدر قاسم جومارت توکایووف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر سے کابینہ اراکین کا تعارف کروایا۔قازقستان کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ قازقستان کے صدر کے ساتھ سینئر وزرا اور سرکاری حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔