لاہور (قمر عباس نقوی/ تصاویر: میاں شاہنواز) پاکستان ریلوے کی جانب سے لاہور سٹیشن پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر ٹرینوں کی تاخیر کے عمل نے پانی پھیر دیا، کئی کئی گھنٹے انتظار کی کوفت سے دوچار ہونے والے مسافروں نے مشرق کی وساطت سے معاملات کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ مسافروں نے سروے کے دوران ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کا لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کو لگژری سہولیات کی فراہمی متعدد ویٹنگ ایریا ز سمیت اعلیٰ معیار کے کھانے پینے کے علاوہ مسافروں کو ٹرینوں کی آمد و روانگی کی معلومات کیلئے ڈیجیٹل ڈیسک کا قیام، واش رومز میں گرم پانی و دیگر انتظامات پر مسافروں کا ریلویز انتظامیہ کی جانب سے بہترین سہولیات پر اظہار اطمینان کیا گیا جبکہ ٹرینوں کو بھی عملی طور پر اپ گریڈ اور آمد و روانگی جیسے مسائل کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مسافر دانش کا کہنا تھا کہ ریلویز انتظامیہ نے لاہور سٹیشن کو لگژری سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے لگژری ویٹنگ ایریا ز قائم کئے ہیں جس میں موسم کے لحاظ سے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جو کہ بہترین اقدام ہے اس سے مسافروں کو ٹرین کے انتظار کرنے میں سرد موسم یا گرمی کی شدت سے نجات مل گئی ہے۔ ارشاد احمد نے کہا کہ واش رومز بھی بہترین اور صاف ستھرے ہیں جس میں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے فری اور آوٹ سورس واش رومز انتظامیہ 50روپے کی وصولی کر رہی ہے۔ سکیورٹی، معذور اور بزرگ مسافروں کیلئے وہیل چیئرز اور موبائل چارجنگ پوائنٹس کی سہولت بھی دستیاب ہے، مسافروں نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں مزید بہتری لائی جائیگی۔ اشتیاق احمد ،اسلم خان، اکرام الحق ،فہیم مقبول اور دیگر نے کہا کہ ریلوے کی جانب سے سٹیشن کو تو اپ گریڈ کیا گیا ہے لیکن مسافر ٹرینوں کو اپ گریڈ نہیں کیا جا سکا، عرصہ دراز سے تاخیر جیسا مسئلہ حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ گھنٹوں ٹرینوں کی تاخیر کی کوفت سے گزرنا پڑتا ہے جو کہ سٹیشن پر فراہم کی گئی تمام سہولیات کو بے مقصد کر رہی ہے، اس مسئلہ کو بھی لاہور سٹیشن کی طرح آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اگرماضی کی طرح اب بھی اس معاملہ کو نظر انداز کیا گیا تو مسافروں کیلئے یہ سب کچھ بے معنی ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پاکستان اور عوام کا سرمایہ ہے، اس کو آﺅٹ سورس کرنے کی بجائے ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ ملک میں مفاد پرست مافیا عوام کو مالی مسائل کا شکار نہ بنا سکے، اگر اس کے بغیر گزارا نہیں ہے تو اس معاملہ کو عوام کے مالی حالات کے مطابق نافذ کیا جائے ۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے لاہور سٹیشن پر مسافروں کو کھانے پینے کی سستی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کی گئی جس میں نجی شعبہ کے تعاون سے پلیٹ فارم نمبر 2پر وی آئی پی ویٹنگ ایریا جس میں فی مسافر 300روپے میں 3گھنٹوں تک بیٹھنے کی سہولت کے ساتھ سنیک کے ساتھ چائے کا کپ،سینڈ وچ ،پٹی اور ایک مفن شامل ہیں جو کہ ریلوے کی تاریخ میں پہلی دفعہ نجی کمپنی کے اشتراک سے مسافروں کو لگژری سہولت دی گئی ہے۔ کمپنی منیجر زبیر نے بتایا کہ مسافروں کو معیاری اشیاءکی فراہمی موسم کے لحاظ سے ماحول بھی میسر ہے ۔
کراچی کینٹ سے لاہور آنے والی گرین لائن پر سفر کرنے والے مسافر جمیل نے ٹرین میں دی جانے والی سہولیات پر عدم اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ میری فیملی امریکہ سے پاکستان آئی تھی اور ٹرین کا سفر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن فراہم کیا جانے والا کھانا ٹھنڈا اور واش روم و دیگر سہولیات ناقص ہونے کے باعث پاکستان ریلویز پر اظہار برہمی مزید پاکستان ریلوے کی ٹرین پر سفر کرنے کی بجائے دیگر وسائل ہوائی سفر کو ترجیحی دی گئی لاہور سے کراچی کا سفر گرین لائن پر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مسافر نے مطالبہ کیا کہ سٹیشنوں کی طرح ٹرینو ں کو بھی بہتر کیا جائے ۔
ملک بھر میں مختلف روٹس پر چلنے والی مسافر ٹرینوں میں صفائی سمیت الیکٹرک اور سیٹس کے ناقص انتظامات کی شکایات کرتے ہوئے مسافروں کا کہنا تھا کہ کوئی سہولت نہیں سوائے برداشت کے ساتھ سفر مکمل کرنے کے اور کن انتظامات کی بات کر رہے ہیں سب کچھ کھٹارا ہے ریلوے کو پرائیویٹ کرنے کی منصوبہ بندی یا پھر خاتمہ کرنے کی خاطر مسافروں کو تنگ کیا جا رہا ہے ۔
ڈویژنل کمرشل آفیسر لاہور عبداللہ ارشد کا کہنا تھا کہ مسافر وں کو منسٹر ریلویز کے ویژن پر تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں موسم کے لحاظ سے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پلیٹ فارمز اور ویٹنگ ہالز میں ایئرکنڈیشنڈ ویٹنگ رومز بھی فعال رکھے گئے ہیں۔ فرسٹ ایڈ کاونٹرز اور طبی عملہ بھی موجود ہے سردیوں کے موسم کے پیش نظر بند اور گرم ویٹنگ رومز کا انتظام کیا گیا ہے۔ دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت سے متعلق بروقت اعلانات کا سلسلہ جاری رکھا جاتا ہے دھند کے موسم میں مسافروں کی رہنمائی کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹل سکرینز اور لاوڈ سپیکرز کے ذریعے ٹرینوں کی تاخیر یا منسوخی سے متعلق فوری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
لاہور ریلوے سٹیشن پر لگژری سہولیات سے مسافر مطمئن ،مسائل کے حل کیلئے ڈومور



















