ٹی 20 ورلڈکپ: آئی سی سی نے بنگلہ دیشی صحافیوں کو کوریج سے روکدیا

ممبئی (مشرق نیوز) آئی سی سی بنگلہ دیش کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی، بنگلہ دیشی صحافیوں کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی کوریج سے روکدیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے 100 سے زائد بنگلہ دیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن دینے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث وہ ایونٹ کی کوریج کیلئے بھارت اور سری لنکا نہیں جاسکیں گے۔

بنگلہ دیش کے سینئر صحافی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم نہیں بھی کھیلتی ہے تب بھی آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبرز کے صحافیوں کو ایکریڈیشن جاری کرتا ہے۔ بنگلہ دیش کے سپورٹس سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی تنظیموں نے جلد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امزاد حسین نے صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ ملنے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کے 130 سے 150 صحافیوں نے ایکریڈیشن کیلئے اپلائی کیا تھا۔ امزاد حسین نے کہا کہ جہاں تک مجھے معلوم ہے کہ بنگلہ دیش کے تمام صحافیوں کے ایکریڈیشن مسترد کر دئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے سکیورٹی وجوہات کے باعث بھارت جانے سے انکار کردیا تھا اور اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم آئی سی سی نے دوہرے معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا مطالبہ ماننے سے انکار کردیا اور سکاٹ لینڈ کو ورلڈکپ میں شامل کرلیا۔