تحریک انصاف کا فوج کیخلاف مہم میں ملوث سوشل میڈیا اکاونٹس سے اعلان لاتعلقی

پشاور (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹرولنگ اور توہین آمیز مہم میں ملوث افراد اور سوشل میڈیا اکاونٹس سے واضح اور دوٹوک انداز میں لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پارٹی میں کوئی ابہام نہیں اور دہشت گردی سے متعلق واقعات میں سکیورٹی فورسز کے شہدا پر تنقید کرنے والوں سے واضح طور پر لاتعلقی اختیار کی گئی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پالیسی کے مطابق فوج ان کی اپنی ہے اور پاکستان اور اس کے وجود کیلئے بے حد اہم ہے، سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا مذاق اڑانے یا کمزور کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

تاہم پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اس باضابطہ مو¿قف کے باوجود پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنے ہی سوشل میڈیا ٹرولز سے بڑھتا ہوا خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔ پارٹی کا سوشل میڈیا بیرون ملک سے چلایا جاتا ہے اور یہ پارٹی کے چیئرمین، سیکرٹری اطلاعات حتیٰ کہ سیاسی کمیٹی کے کنٹرول میں بھی نہیں ہے۔