وزیراعظم سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے ملاقات کی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں خیبرپختونخوا کے امن و امان اور مالی معاملات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے کے پی ہاوس سے وزیراعظم کے دفتر پہنچے، انہوں نے خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر صوبائی تحفظات سے آگاہ کیا۔

مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم بھی ملاقات میں شامل ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثناءاللہ بھی ملاقات میں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات پر وزیر اعظم سے بات چیت کی۔ ملاقات میں تیراہ آپریشن، صوبے اور وفاق کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے اور باہمی رابطوں کے امور بھی زیربحث آئے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاق کے ذمے واجب الادا بقایاجات کا معاملہ بھی وزیر اعظم کے سامنے اٹھایا جبکہضم شدہ اضلاع کے عوام کو درپیش مشکلات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملاقات سے قبل اہم امور پر متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کے پی کو ملاقات کیلئے دعوت دی تھی۔