نیویارک (مشرق نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف سونا مزید سستا ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کے بعد ایک ہی دن میں 4 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی اور یہ 5 ہزار 150 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ سونے کی قیمت 5 ہزار 594 ڈالر کی ریکارڈ سطح سے نیچے آگئی ہے۔
واضح رہے کہ مقامی مارکیٹ میں صرف 29 دن میں فی تولہ قیمت میں 118000 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 54 ہزار روپےسے بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک سال میں ہونے والا اضافہ صرف ایک ماہ کے دوران ریکارڈ کیا گیا،جو سونے کی تاریخ کا غیر معمولی رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 4 فیصد بڑھ کر 5 ماہ کی بلند سطح پر آگئیں۔ برینٹ خام تیل 71 جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 65.56 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔ عالمی مارکیٹ کے زیراثر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے،ابتدائی ورکنگ کے مطابق جہاں پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،وہیں ڈیزل اور دیگر مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم انڈسٹری نے قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپراوگرا کو ارسال کردیا ہے،ابتدائی حساب کتاب کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے تو ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے،جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 45 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان، سونا مزید سستاہوگیا



















