عمران کی بیٹوں سے گپ شپ،رہائی درخواست دائر،اپوزیشن کا بدستور دھرنا

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد،سابق وزیراعظم عمران خان کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کرادی گئی۔

اڈیالہ جیل حکام کے مطابق بات سپریم کورٹ کے حکم پر کرائی گئی،بانی پی ٹی آئی نے 20 منٹ سے زائد وقت تک بچوں سے گپ شپ لگائی۔

علیمہ خان نے بھی تصدق کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے 20 منٹ تک بات کرائی گئی ،عمران خان بچوں کی آواز سن کر بے حد خوش ہوئے اب شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں فوری علاج کے منتظر ہیں،ماہر ڈاکٹروں کو بانی کی بینائی بحال کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے،علاج میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

دریں اثنا عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کردی گئی،اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا توشہ خانہ ٹو میرٹ و طبی بنیاد پر سزا معطلی کا کیس بنتا ، بانی پی ٹی آئی دائیں آنکھ کی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں،ڈاکٹر نے قرار دیا دائیں آنکھ خون کے لوتھڑے کی وجہ سے شدید متاثر ہو چکی ،بانی پی ٹی آئی کی عمر 73 سال ہے، ضمانت پر رہا کیا جائے۔

وکلا نے 190 ملین پاونڈ کیس میں بھی سزا معطل کرنے کا کیس جلد سماعت کےلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کردی۔

دوسری جانب اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاﺅس میں دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا،پارلیمنٹ کی راہداری میں گزاری، اپوزیشن اراکین کرسیوں و چٹائیوں پر بیٹھے رہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا بانی کی صحت پر رپورٹ خطرناک، آنکھ 85 فیصد ضائع ہو گئی،عمران خان کوکو فوری طور پر شفا ہسپتال منتقل کیاجائے،مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر،سابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور ودیگر نے کہاحکومت غلطیاں کرتی رہے گی لیکن بڑا واضح پیغام دینا چاہتے ہیں، بانی کو صحت کی متعلقہ سہولیات ملنے تک دھرنا جاری رہے گا، مشن پورا ہونے تک نہیںاٹھیں گے، دیر نہ کریں ،مطالبہ پورا کیا جائے۔