نگہبان رمضان بازار میں سرکاری نرخوں پر اشیاءکی فراہمی یقینی بنائی جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ نگہبان رمضان بازار چیچہ وطنی کا دورہ۔ انہوں نے نگہبان رمضان بازار میں مختلف اشیائے خوردونوش کے سٹالز پر قیمتوں اور معیار کو چیک کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائیں اور صارفین کو اشیاءضروریہ کی سرکاری نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائے جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان رمضان بازار میں صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے بازار میں موجود شہریوں سے بات چیت کی اور اشیاءکی قیمتوں بارے دریافت کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کی مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے مرتضیٰ شہید پارک کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیر تعمیر واٹر ٹینک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینک کی تکمیل سے بارش کا پانی سٹور کرنے میں مدد ملے گی۔قبل ازیں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے بیرون لاری اڈا ساہیوال کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بس سٹینڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کام کومقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔