عطا تارڑ ،سی پی این ای وفد کی ملاقات،اے پی سی نظام میں اصلاحات پر اتفاق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ، سی پی این ای کے وفد نے اے پی سی نظام میں اصلاحات پر اتفاق کرلیا۔

عطاتارڑ سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،اخباری صنعت کو درپیش مسائل، آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے بی سی) میں اصلاحات، نیوز ایجنسیوں کے بجٹ، میڈیا ہاوسز کے واجبات اور ڈمی اخبارات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اطلاعات ،سی پی این ای کے عہدےداروں نے آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے بی سی) کے نظام میں اصلاحات کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہاحکومت آزاد، ذمہ دار ،مضبوط پرنٹ میڈیا پر یقین رکھتی ہے، اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کےلئے تمام متعلقہ فریقین کےساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا، اے بی سی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، موثر ،شفاف بنانا وقت کی ضرورت ہے،آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز میں ضروری اصلاحات، میڈیا ہاوسز کے واجبات کی ادائیگی ،نیوز ایجنسیوں کے امور کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائےگا، صحافتی اداروں کو درپیش جائز مسائل کے حل کےلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے۔

وفد نے نئی پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی،سی پی این ای نے کہا رئیسہ عادل کی قیادت میں وزارت اطلاعات اور اخباری صنعت کے درمیان باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا،وفد نے سبکدوش پرنسپل انفارمیشن افسر مبشر حسن کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا،ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل بھی موجود تھے۔