اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور ہم معاشی استحکام سے گروتھ کی جانب بڑھیں گے۔اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ کم تنخواہ دار طبقے کو زیادہ ریلیف ملے، تنخواہ پر 5 فیصد ٹیکس کو ایک فیصد کیا اور 15 فیصد کو 13 فیصد کیا جب کہ بڑی تنخواہوں اور سرچارج اقدامات پر ہمیں اچھا فیڈ بیک ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں ٹیکسوں کو کم کیا ہے، زراعت پر ایگریکلچر کریڈٹ 15 فیصد بڑھی ہے، حجم 2 ٹریلین سے زیادہ ہے، زرخیزی اسکیم بہتر انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، چھوٹے کسانوں کو اپنے گھر گروی رکھنے کے لیے نہیں کہا جائے گا، نوجوان قرض اسکیم کا حجم 262 ارب روپے ہے جس میں 125 ارب زراعت کے لیے ہے، زرعی شعبے کی مشینری باہر سے منگوانے پر کسٹم ڈیوٹی، ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی، ریگولیٹری ڈیوٹی صفرکر دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں ہم نے ٹیکس اور ایکسپورٹ کے نظام کےلیے کام کیا، 70 ارب روپے کی ایڈیشنل سبسڈی دی گئی ہے، بجٹ میں کوشش کی ہے کہ برآمدات بڑھانے کے لیے قابل عمل اقدامات کیے جائیں، زرعی مشینری کے لیے کسٹم ڈیوٹیزکو ختم کردیاگیاہے، زرعی شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی کا حجم 20ارب سے تجاوز کرگیا ہے، انرجی انفرا اسٹرکچر پر دباو¿ ہے اور کچھ عرصہ آئندہ مالی سال بھی رہے گا۔محمدا ورنگزیب نے کہا کہ صوبوں کی طرف سے مرکز کی امداد پر شکر گزار ہوں، یہ سہولت آئندہ تین مالی سال جاری رہے گی۔انہوںنے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹتے ہی مہنگائی کی شرح بھی کم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا موجودہ سال کے دوران بھی ایران امریکا جنگ کے باوجود بھی مہنگائی کی اوسط شرح تقریباً 7 فیصد رہنے کی توقع ہے جو کہ موجودہ مالی سال کے تخمینہ 7.5 فیصد سے کم ہے۔اس موقع پر وفاقی وزراءعطاءاللہ تارڑ اور بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔ وزیرمملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ماضی میں ٹیکس کا بوجھ چند مخصوص طبقات پر تھا اس لیے حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینا اپنی اولین ترجیح بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مختلف ٹیکس سلیبز میں کمی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ حاصل کرنے والے افراد پر صرف 500 روپے ٹیکس عائد ہوگا جبکہ دو لاکھ روپے ماہانہ آمدن رکھنے والے افراد کا ٹیکس بھی نمایاں طور پر کم کیا گیا ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہاکہ وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر دم تیار رہتے ہیں، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن وزیراعظم کی خصوصی نگرانی میں ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سے نظام میں شفافیت آئے گی۔ انہوںنے کہاکہ معاشی ٹیم نے عوام دوست بجٹ بنانے کے لئے مسلسل محنت کی، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
معیشت درست سمت گامزن وزیراعظم نے بجٹ میں وعدے وفا کردئیے:وفاقی وزرا



















