تاریخی پیشرفت، پاکستان فٹ بال ٹیم کو فیفا آسیان کپ میں شرکت کی دعوت

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان فٹ بال کیلئے ایک اہم اور تاریخی پیشرفت میں قومی فٹ بال ٹیم کو افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے۔ پاکستان پہلی مرتبہ کسی کوالیفائیرز کے علاوہ کسی فیفا ٹورنامنٹ میں براہ راست شرکت کریگا۔

ذرائع کے مطابق فیفا نے پاکستان کو ایونٹ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جس کے بعد پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ افتتاحی فیفا آسیان کپ 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں کھیلا جائیگا جہاں پاکستان کو ڈویژن ون میں بھارت، میزبان انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ جیسی ٹیموں کا سامنا ہوگا۔

یہ ٹورنامنٹ پاکستان فٹ بال کیلئے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان فٹ بال ٹیم پہلی بار فیفا کے کسی ایسے ایونٹ میں شرکت کریگی جو ورلڈ کپ یا ایشین کوالیفائرز سے ہٹ کر ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں شامل کیے جانے میں پی ایف ایف صدر محسن گیلانی کے فیفا حکام کے ساتھ بہتر تعلقات اور سفارتی روابط نے اہم کردار ادا کیا۔

ماہرین کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں شرکت پاکستان فٹ بال کیلئے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ثابت ہوسکتی ہے۔