72شرپسند گرفتار،انتشاریوں سے اب بات نہیں ہوگی، وزیراعظم آزادکشمیر


مظفرآباد:(بیورورپورٹ)کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کیخلاف ایکشن،72شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

آزاد کشمیر پولیس نے کہا شرپسند عناصر سے اسلحہ و دیگرسامان برآمد کر لیا،سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا،شہری افواہوں ،اشتعال انگیزی سے گریز ،امن وامان برقراررکھنے کیلئے تعاون کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہاہے سیاست کے نام پر انتشار پھیلانے والوں سے اب کسی قسم کی بات نہیں ہوگی،بخوبی اندازہ انتشار پھیلانے والے عناصر کو اصل تکلیف کس بات کی ہے، مخصوص سیاسی جتھے و ٹرولز افراتفری پھیلانے پر تلے ہیں،دھرنوں، جلاوگھیراو اور ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصرطالبان خارجیوں کے حامی ہیں، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کےساتھ ماضی میں ہونےوالے تمام مذاکرات کا گواہ ہوں، غیرسیاسی و غیرپارلیمانی گروپ نے بارہا کوششوں کے باوجود مذاکرات کی میز پر آنے سے انکارکیا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ایکشن کمیٹی کے لیڈروں کے بیانات ریکارڈ پرہیں وہ ریاست پر دھاوا بولنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ریاست پرامن احتجاج کا حق دیتی ہے لیکن بلیک میلنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائےگی،آزادکشمیرانسانی وسیاسی حقوق اور مراعات میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے کہیں آگے ہے، بجلی و آٹے کی کم قیمتیں دیکھ کرمنافقین کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔