کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد تاوان کیلئے معصوم شہریوں کو اغوا کرنے لگے

کوئٹہ (مشر ق نیوز) کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد تاوان کیلئے معصوم شہریوں کو اغوا کرنے لگے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق 24جولائی کو کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے کھڈ کوچہ سےکوریئر کمپنی کا منی ٹرک دو افراد سمیت اغوا کیا اور 26جولائی کومغویوں کے قتل کی دھمکی دیکر کوریئر کمپنی سے ڈھائی کروڑ روپے تاوان مانگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایل اے والے دہشت گردی کےساتھ ساتھ بینک ڈکیتیاں، گاڑیاں چھیننے، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی کررہے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ وارداتیں مجرمانہ نیٹ ورک اور دہشت گردی کی مالی معاونت کا طریقہ کار ظاہرکرتی ہیں، ان وارداتوں سے زیادہ نقصان عام بلوچ عوام، مقامی تاجر اور بلوچستان کے امن کو پہنچتا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بی ایل اے ایسی وارداتیں کرکے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔