بہترین کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہیگا، آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب عبدالکریم نے شیخوپورہ پولیس کے بہترین کارکردگی کے حامل 7 افسران کو سنٹرل پولیس آفس میں تعریفی لیٹرز، اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے امن و امان کے قیام، کرائم کنٹرول، سکیورٹی انتظامات اور بہترین پولیسنگ کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ امن و امان، سکیورٹی اور موثر سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے والے افسران پنجاب پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”محفوظ پنجاب ویژن“ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایس پی انویسٹی گیشن شیخوپورہ غلام عباس کو تعریفی لیٹر اور نقد انعام سے نوازا گیا، جبکہ ڈی ایس پی غلام مرتضیٰ ڈوگر اور ڈی ایس پی طارق الیاس کیانی کو بھی تعریفی لیٹرز اور کیش ایوارڈز دیے گئے۔ اسی طرح انسپکٹر محمد نظام، انسپکٹر رضوان الٰہی، سب انسپکٹر غضنفر عزیز اور سب انسپکٹر منظور احمد کو بھی نمایاں کارکردگی پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے اسی جوش و جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں۔ اس موقع پر آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل امجد، ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی فاروق سلطان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔