نئے صوبوں ، انتظامی یونٹس پر جلد بازی میں فیصلہ نہیں ہونا چاہئے :ملک احمد خان

لاہور، قصور ( اپنے رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر جلد بازی میں فیصلہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس حوالے سے سنجیدہ قومی مکالمہ ضروری ہے، گورننس اور انتظامی نظام پر بات چیت کرنا کوئی شجر ممنوعہ نہیں، پاکستان میں مقامی حکومتوں کے مختلف نظام آزمائے جا چکے ہیں، بہتر گورننس کیلئے انتظامی ڈھانچے پر مکالمہ ناگزیر ہے، صوبوں اور انتظامی یونٹس پر بات چیت ہونی چاہیے اور نئے انتظامی یونٹس پر فیصلہ سوچ سمجھ کر ہونا چاہیے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ نواز شریف کی حالیہ گفتگو مدبرانہ اور سنجیدہ تھی، پڑوسی ممالک کے تجربات سے بھی رہنمائی لی جا سکتی ہے، مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل کرنا ضروری ہے، منتخب نمائندوں کو آئینی اختیارات کے مطابق کردار ملنا چاہیے اور سکولوں و کالجوں سے متعلق فیصلوں میں عوامی نمائندوں کا کردار ہونا چاہیے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے، ففتھ جنریشن وار بھی بڑا خطرہ ہے، مسلح افواج، پولیس، اساتذہ اور عوام سب اس جنگ کا حصہ ہیں، پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر بے نقاب ہو رہے ہیں، قومی اداروں کی بحالی کیلئے مکالمہ ضروری ہے، مزاحمت نہیں بلکہ مسائل پر بات چیت ہونی چاہیے، عوام کو بہتر زندگی، تعلیم اور سفری سہولیات کا حق حاصل ہے، ستھرا پنجاب پروگرام عوام کا بنیادی حق پورا کر رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام کو بلدیاتی سہولیات کا حق دیا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے، کشمیر انتخابات سے متعلق بیانات کو انتخابی تناظر میں دیکھنا چاہیے جبکہ اچھی حکمرانی کیلئے اخلاقیات، رویہ اور اصول بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں ڈسٹرکٹ پبلک اسکول اینڈ کالج قصور میں ”افیرا زبیر کیمبرج بلاک“ کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ پر سالانہ اخراجات نجی سکولوں کے مقابلے میں بہت کم ہیں، مختلف تعلیمی نظاموں کے طلبہ سے یکساں میرٹ پر مقابلہ کرانا ناانصافی ہے، تعلیمی نظام میں موجود اس فرق کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے تعلیمی اصلاحات کی بڑی توقعات وابستہ ہیں اور انہیں کہا ہے کہ وہ تعلیم کے شعبے میں اپنی مستقل میراث چھوڑیں۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں بہترین سفری سہولت فراہم کی، الیکٹرک بس منصوبہ غریب عوام کیلئے بڑی سہولت ثابت ہوا، عوامی ردعمل دیکھنے کے بعد وہ اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، الیکٹرک بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور یہ سروس قصور سمیت دیگر شہروں تک بھی پہنچ رہی ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کے بورڈ آف گورنرز کو درپیش چیلنجز اہم ہیں، سول سوسائٹی کی سکول سے وابستگی قابلِ تعریف ہے، قصور کا یہ سکول سنٹر آف ایکسیلنس کے طور پر فروغ پانا چاہیے جبکہ کیمبرج سسٹم اور سپورٹس سہولیات کے فروغ کی کوششیں خوش آئند ہیں۔جبکہ اس ہی ڈسٹرکٹ پبلک اسکول قصور میں ”یومِ شہدائے پولیس“ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ وہ یوم شہداءپر شہداءکے اہل خانہ کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ ہم سنتے آئے ہیں کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ یہ شہداءایسے چہرے نہیں جن سے ہماری شناسائی نہ ہو، ان میں سے بہت سوں کو وہ ذاتی طور پر جانتے تھے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے اعلان کیا کہ ان شہداءکا وال آف آنر ڈی پی او قصور کے احاطے میں ہونا چاہیے اور وہ اس وال آف آنر کیلئے مالی تعاون کریں گے چاہے جتنا بھی خرچ آئے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ وسائل اور نفری کی کمی کے باوجود پولیس جس انداز میں فرائض سر انجام دے رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے اعلان کیا کہ شہداءکے وہ بچے جو پوسٹ گریجویشن کیلئے بیرونِ ملک جانا چاہتے ہیں ان کے نام بھیجے جائیں، ان کے اخراجات وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومت برداشت کرے گی۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ افواجِ پاکستان برسرِ پیکار ہیں، یہ صرف دہشت گردی کی لڑائی نہیں بلکہ جنگی صورتحال ہے، اس صورتحال میں قوم کی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہداءہمارا فخر ہیں، ان کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، یہ ففتھ جنریشن وار ہے جس میں بیرونِ ملک بیٹھے عناصر سازشیں کرتے ہیں، تاہم پولیس اور افواج جس انداز میں اس جنگ کا مقابلہ کر رہی ہیں دنیا اس کا اعتراف کر رہی ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خاں نے کہا کہ شہداءکی قربانیوں کا جذبہ ہمیشہ زندہ رہنا چاہیے، وہ ڈی پی او کو خط لکھیں گے کہ باصلاحیت بچوں کے نام بھیجے جائیں تاکہ ان کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جا سکے۔۔تقریبات میں صوبائی وزیر قانون رانا اقبال، وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، ایم این اے رانا محمد، ایم این اے شیخ سعد وسیم، ایم پی اے احسن رضا خان، چوہدری الیاس گجر، نعیم صفدر، سفیہ سعید، ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان، پولیس افسران، اساتذہ، طلبہ، اور شہداءکے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔