پورٹ آف سپین (مشرق نیوز) پاکستان نے کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ اس کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل میں بھی بہتری حاصل کرتے ہوئے آخری پوزیشن سے آٹھویں نمبر پر جگہ بنالی جبکہ ان کی کامیابی کا تناسب 22.22 فیصد ہو گیا۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین ٹیم 20.83 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر چلی گئی۔ پاکستان نے سیریز کا آغاز شکست سے کیا تھا تاہم شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27ءمیں دوسری فتح ہے۔
حیران کن طور پر پاکستان نے پہلی فتح موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا 87.50 فیصد کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقہ 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسری سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ دیا

















