حوثیوں کا سعودی آئل ٹینکرزپر حملہ،وزیراعظم کاولی عہد کو فون،اظہار یکجہتی


صنعا،دوحہ:(مشرق نیوز)حوثیوں کا ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر سعودی آئل ٹینکرزپر حملہ، آگ بھڑک اٹھی تاہم عملہ محفوظ رہا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت والے جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم عملہ محفوظ ہے،ٹینکر کپتان کے مطابق میزائل لگنے سے آگ لگی ، کوئی جانی نقصان یا ماحولیاتی اثرات رپورٹ نہیں ہوئے، یمن کی حوثی اکثریتی جماعت انصاراللہ نے کہاسعودی آئل ٹینکرز کوعائد کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر نشانہ بنایا۔

دوسری جانب قطر نے بحیرہ احمر میں سعودی بحری جہاز پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جارحیت کوبین الاقوامی جہاز رانی کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دےدیا۔

قطری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا بحیرہ احمر میں حملے عالمی توانائی کے تحفظ کےلئے خطرہ ،حوثیوں کی مسلسل کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں،سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر موثر عملدرآمد یقینی بنایاجائے،بیان میں قطر نے سعودی عرب کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، سلامتی و استحکام کے تحفظ کےلئے کیے جانےوالے ہر اقدام کی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کاسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطہ،حوثی ملیشیا کے بزدلانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مکمل تعاون کایقین دلایا۔

شہباز شریف نے انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونےوالی گفتگو کے دوران کہاحملے قطعی ناقابل قبول و بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ،اقدامات جہاز رانی ، تجارتی نقل و حمل کی آزادی کےلئے خطرہ اور علاقائی امن، سلامتی ،استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

وزیراعظم نے برادر ملک سعودی عرب کےساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا میں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم نازک وقت میں سعودی قیادت ، مملکت کے برادر عوام کےساتھ مضبوطی و عزم کےساتھ کھڑے ہیں،مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

شہبازشریف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دلایا پاکستان امن، سلامتی، استحکام ، بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز ،وسیع تر خطے میں قانونی سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کےلئے مملکت و عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا،وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کےلئے بھی نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہاحوثی ملیشیا کی سعودی عرب ،کمرشل جہاز رانی کو دھمکیاں قابل مذمت ، سعودی عرب کی علاقائی سلامتی ، خودمختاری کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہیں، یمنی گروہوں کے سعودی عرب پر حملے خطے کی صورتحال مزید خراب کریں گے، پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کیلئے پر عزم، تجارتی جہازوں کودھمکیاں علاقائی امن،علاقائی تجارت کیلئے سنگین خطرہ ،عالمی قوانین،بحری اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں،ملکی جہازوں ،تجارتی مفادات پر حملہ ہوا تو دفاع کا حق ہے، پاکستان سعودی عرب کےساتھ دفاع سمیت تمام معاہدوں پر عملدرآمد کا پابند ہے،ریڈ لائنز و تعیناتیوں کے معاملات آپریشنل تفصیلات کے زمرے میں آتے ہیں، آپریشنل تکنیکی تفصیلات مسلح افواج ہی دیکھیں گی، پاکستان دوطرفہ معاہدوں ،بین الاقوامی قوانین پر عمل کرے گا۔