لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے خوشاب کے اراکین صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، ملکی سیاسی امور، ترقیاتی پراجیکٹس اور حلقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا،اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خوشاب میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے درپیش عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کوآزاد جموں و کشمیر میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے پرمبارکباددی اور خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز نے کہا مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے۔قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو آگے لیکر جائیں گے۔آج تمام صوبوں سے ایک ہی آواز آتی ہے کہ پنجاب امن وامان سمیت ہر شعبے میں سب سے بہتر ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ شہدائے پولیس پر ملک وقوم کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کےخلاف جدو جہد میں پنجاب پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ پنجاب پولیس کے ہرافسر اور جوان نے قیام امن کے لئے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیام امن کے لئے پولیس کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا قوم محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرنے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنے پر سلام پیش کرتی ہے۔پنجاب حکومت پولیس شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کررہی ، پولیس شہدا کے بچوں کی صحت معیاری تعلیم، رہائش سمیت دیگر تمام سہولتیں حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ پولیس شہداءکی قربانیوں کی وجہ سے لاہور دنیا کے محفوظ شہروں میں شامل ہوچکا ۔
ن لیگ مقبول ترین عوامی جماعت،نواز کی قیادت میں پنجاب ، ملک کو آگے لےکر جائینگے، مریم نواز


















