لاہور (اپنے نمائندے سے) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ محرم الحرام 1448 کا چاند نظر نہیں آیا۔یکم محرم الحرام کل 17جون جبکہ یوم عاشور 10محرم الحرام 26جون 2026ءجمعہ کو ہوگا۔ ماہ محرم الحرام کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیرصدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس اقبال ہال عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں رابطہ کے فرائض سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، وزارت مذہبی امور سے ڈائریکٹرجنرل حافظ عبدالقدوس نے نبھائے جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے ڈاکٹرمحمد حسن علی بیگ، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان اوروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت پاکستان سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ اجلاس میں مرکزی رویت کمیٹی پاکستان کے جو اراکین شریک ہوئے جن میں مفتی فضل جمیل رضوی،علامہ محمد حسین اکبر، مولاناحافظ عبدالغفور،مولانا یسین ظفر،مفتی فیصل احمد، علامہ شبیر حسن میثمی، مفتی علی اصغر عطاری،مفتی یوسف کشمیری، پیرسید شاہد علی جیلانی، مولانا اشرف علی،مولانا عبدالروف مدنی،مفتی قاری مہراللہ،صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی،حافظ عبدالمالک بروہی،مفتی ضمیراحمد ساجد، اور زونل ممبران لاہور و دیگر علماءکرام شامل تھے ۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلودرہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا،پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور عدم رویت رہی ۔
محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یوم عاشور جمعہ کو ہوگا



















