ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور بورڈ آف ریونیو پنجاب کے (جوڈیشل ممبر-I) بابر امان بابر کی زیر صدارت ریونیو کیس مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، اکرام ملک، آصف رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران، بار کونسلز کے نمائندگان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریونیو کیس مینجمنٹ سسٹم کے موثر نفاذ، ریونیو مقدمات کے بروقت فیصلوں، زیر التوا کیسوں میں کمی، عدالتی امور میں شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ریونیو نظام کو مزید موثر بنانے سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ریونیو مقدمات کے بروقت اور میرٹ پر فیصلے حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو کیس مینجمنٹ سسٹم سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹایا جائے اور عوام کو بروقت، شفاف اور معیاری ریونیو خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے (جوڈیشل ممبر-I) بابر امان بابر نے ریونیو کیس مینجمنٹ سسٹم کی افادیت، اس کے موثر استعمال، مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور نظام میں مزید بہتری کے حوالے سے شرکاءکو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ریونیو عدالتی نظام کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریونیو مقدمات کے بروقت فیصلے پہلی ترجیح ہیں: کمشنر ساہیوال



















