لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا جس میں عید میلاد النبی کے سکیورٹی انتظامات، کرائم کنٹرول اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر عید میلاد النبی کے موقع پر گزشتہ برس کی نسبت مزید سخت اور مو¿ثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عید میلاد النبی کے موقع پر صوبہ بھر میں 55 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی انجام دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کے سکیورٹی آرڈر کو مدنظر رکھتے ہوئے مربوط اور جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے جبکہ حساس مقامات، ریلیوں، محافل اور دیگر پروگرامز پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔عبدالکریم نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو کرائم میں واضح کمی کی شرح برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔آئی جی پنجاب نے افغان باشندوں سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب پولیس اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم افغان و دیگر غیر ملکی باشندوں کا انخلا یقینی بنا چکی ہے۔اجلاس میں انڈر ٹرائل ملزمان کی پولیس کسٹڈی اور نقل و حرکت کے دوران سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ پولیس حراست سے انڈر ٹرائل ملزمان کے فرار کے کسی بھی واقعے پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو تھانوں کے امور کی روزمرہ سپرویڑن اور مانیٹرنگ مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب نے گمشدہ خواتین کی بازیابی کے عمل میں بہتر کارکردگی پر انویسٹی گیشن پولیس کو شاباش دی اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ گمشدہ خواتین کی بازیابی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ہر 15 روز بعد کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی مانیٹرنگ، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت متعلقہ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
عید میلاد النبی کے سلسلے میں مربوط اور جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے :آئی جی پنجاب



















